بھٹکل :27؍ مئی (ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع میں کورونا لاک ڈاؤن کی گائیڈ لائنس میں دوبارہ ترمیم کرتےہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن نےنیا سرکلر جاری کرتےہوئےکہاہےکہ سابقہ حکم ناموں کے تحت ضلع میں 7جون تک کورونا لاک ڈاؤن جاری رہے گا البتہ اس میں ضلع کے حالات کو سامنے رکھتےہوئے ضلع نگراں کاروزیر سےصلاح ومشورہ کرنےکے بعد کچھ اہم فیصلے لئے گئےہیں جس کے تحت جمعہ اور منگل کو ضروری خریداری کے لئے چھوٹ نہیں رہے گی البتہ بقیہ دنوں میں مہلت دی گئی ہے۔
ڈی سی کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق جمعہ ،سنیچر اوراتوار کو مکمل لاک ڈاؤن رہےگا یعنی صبح میں ضروری خریداری کے لئے دی گئی چھوٹ نہیں رہےگی۔ البتہ اس کے عوض پیر ، منگل ، بدھ اور جمعرات کو صبح 8بجے سے دوپہر 12 بجے تک عوام کے لئے ضروری خریداری کے لئے سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ڈی سی کا کہنا ہے کہ ضلع میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ اور عوامی حفاظت کے پیش نظر یہ فیصلے لئے گئےہیں۔ سرکولر کے مطابق ضلع میں شادیوں پرمکمل پابندی برقرار رہے گی۔ جمعہ ، سنیچر اور اتوار کو ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا صرف میڈیکل اور دودھ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
سرکولر میں سواریوں کے لئے کسی بھی طرح کی کوئی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ ہفتہ کے بقیہ دنوں یعنی پیر ، منگل ، بدھ اور جمعرات کو عوام کو ضروری خریداری کےلئے صبح 8بجے سے 12بجے چھوٹ دی جائے گی۔
سرکولر میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ تعلقہ جات کی انتظامیہ اپنے حالات کو دیکھتے ہوئے خصوصی کنٹن منٹ زون تشکیل دے گی۔ جہاں جہاں عوامی بھیڑ زیادہ ہونے کا امکان ہے وہاں بیریکیڈ کے ذریعے سواریوں پر پابندی عائد کرتےہوئے عوامی بھیڑ کو کم کرنےکی کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ پولس کو متعلقہ احکامات کو نافذ کرنے میں ضروری کارروائی کرنے کہا گیا ہے۔
سرکولر کے ابتداء میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سے پہلے لاک ڈاون کو لے کر جو احکامات دئے گئے تھے، اُن کو منسوخ کردیا گیا ہے اب 28 مئی صبح 6 بجے سے 7 جون صبح 6 بجے تک یہ نئے احکامات نافذ رہیں گے۔ جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ کل جمعہ 28 مئی کو چار گھنٹوں کی جو چھوٹ ملنے والی تھی وہ منسوخ ہوگئی ہے اور اب عوام کو خریداری کرنی ہے تو پیر کو ہی صبح آٹھ بجے سے دوپہر بارہ بجے کے اندر کرسکیں گے، ایسے میں سواریوں پر پابندی عائد کرنے کی وجہ سے لوگوں کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے علاقہ سے باہر نہ نکلیں اور پاس پڑوس کی دکانوں سے ہی خریداری کریں۔